شاید حکومت بچانے کیلئے وزیراعظم نے جی بی میں مینڈیٹ کو تسلیم کیا:بلاول

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے شاید حکومت بچانے اور بجٹ پاس کروانے کیلئےگلگت بلتستان میں میرے مینڈیٹ کو تسلیم کیا۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ ہماری ورکنگ ریلیشن شپ شاید اب ایک وزیراعظم کی حد تک محدود ہو چکی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، ووٹ پر ڈاکا ڈالا، کارکنوں پر تشدد کیا اور بعض پولنگ اسٹیشنوں پر قبضہ کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ان کے پاس مبینہ دھاندلی کے ویڈیو شواہد موجود ہیں اور مسلم لیگ (ن) کو ان کا جواب دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بھی دھاندلی کی کوشش کی گئی تھی، تاہم اسے بے نقاب کر دیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی مفاد کو ہر سیاسی جماعت کے مفاد پر ترجیح دی جانی چاہیے۔