اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری سے فرانس اور سعودی عرب کے نامزد سفیروں نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، دفاعی تعاون اور معاشی شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے دونوں نامزد سفیروں کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے فرانس کے نامزد سفیر سے ملاقات کے دوران پاکستان اور فرانس کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون، اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور دوطرفہ روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
آصف علی زرداری نے تجارت، پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور دفاعی تعاون کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے مواقع اجاگر کیے اور اس امید کا اظہار کیا کہ سفارتی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔
صدر مملکت نے سعودی عرب کے نامزد سفیر سے ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی تزویراتی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے سعودی مملکت کی سلامتی اور دفاع کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت نے مکہ دفاعی اتحاد اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جاسکے۔
آصف علی زرداری نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی مالی معاونت اور تیل کی فراہمی میں تعاون کو سراہا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

