پیپلز پارٹی سے ایسے اقدامات کی حمایت کی توقع نہیں تھی: مولانا عطا الرحمان

اسلام آباد (نامہ نگار) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سے توقع نہیں تھی کہ وہ ایسے اقدامات کی حمایت کرے گی، پیپلز پارٹی اب وہ نہیں رہی جو ذوالفقار علی بھٹو نے بنائی تھی، اب یہ آصف علی زرداری کی پارٹی بن گئی ہے۔

سینیٹ میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی قرارداد پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مولانا عطا الرحمان نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کے بارے میں تو ہم بات ہی نہیں کرتے، ہمیں معلوم ہے کہ وہ کیسے لوگ ہیں۔

انہوں نے قرارداد کی منظوری پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہیں، ایوان کو کم از کم ایسے اقدامات کی حمایت نہیں کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کردی ہے، جس پر اپوزیشن نے احتجاج کیا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ سے واک آؤٹ کیا۔

گورنر راج کی توثیق کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کے موقع پر اسپیکر ایاز صادق نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش بھی کی۔