نئی دہلی (ایجنسیاں) جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے نئی دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کو ہائی جیکنگ کے مبینہ الرٹ کے بعد ہنگامی طور پر جے پور ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا، تاہم طیارے اور مسافروں کے سامان کی تلاشی کے بعد پرواز کو محفوظ قرار دے دیا گیا۔ حکام کے مطابق سیکیورٹی الرٹ پائلٹ کی جانب سے غلطی سے ہائی جیکنگ کا ہنگامی کوڈ جاری ہونے کے باعث پیدا ہوا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئر انڈیا کی پرواز بھارتی فضائی حدود میں ریاست راجستھان کے اوپر پرواز کررہی تھی اور اسے کچھ دیر بعد نئی دہلی ایئرپورٹ پر اترنا تھا کہ صبح تقریباً 9 بجے احمد آباد ایئر ٹریفک کنٹرول کو طیارے سے ہائی جیکنگ کا بین الاقوامی ہنگامی کوڈ 7500 موصول ہوا۔
ہائی جیکنگ کے اس الرٹ کے بعد سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا، جبکہ دہلی ایئرپورٹ کے وار روم نے احتیاطی اقدام کے طور پر پرواز کا رخ جے پور کی جانب موڑنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے نے بدھ کی صبح 9 بج کر 35 منٹ پر جے پور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔ لینڈنگ کے بعد طیارے کو ایئرپورٹ کے مخصوص حصے میں منتقل کردیا گیا اور سیکیورٹی ضابطوں کے تحت تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت اتار لیا گیا۔
سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس، مقامی پولیس اور بم ناکارہ بنانے والے عملے نے طیارے اور مسافروں کے سامان کی مکمل تلاشی لی۔ کارروائی کے دوران کسی خطرناک شے کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوئی اور بعدازاں پرواز کو محفوظ قرار دے دیا گیا۔
فلائٹ ڈیٹا کے مطابق طیارے میں تقریباً 250 مسافر سوار تھے۔ ابتدائی اطلاعات میں بم کی دھمکی کی افواہ بھی گردش کرتی رہی، تاہم حکام کے مطابق ہنگامی صورتِ حال کی بنیادی وجہ پائلٹ کی جانب سے نادانستہ طور پر ہائی جیکنگ کا کوڈ جاری ہونا تھا۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی ہوا بازی میں کوڈ 7500 طیارے کے اغوا یا ہائی جیکنگ کی صورتِ حال ظاہر کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس کوڈ کے موصول ہوتے ہی متعلقہ حکام حفاظتی اقدامات شروع کردیتے ہیں، چاہے بعد میں یہ الرٹ غلطی سے جاری ہونے کی تصدیق ہوجائے۔

