پیرس(فرانسیسی وزارتِ خارجہ، بین الاقوامی میڈیا)فرانس نے لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے خلاف اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔فرانسیسی وزیرِ خارجہ جین نوئیل بارو نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی زمینی کارروائیوں میں توسیع اور تاریخی بیفورٹ قلعے پر قبضے کے بعد انہوں نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے پاس لبنان میں فوجی کارروائیاں جاری رکھنے اور لبنانی علاقوں پر قبضہ برقرار رکھنے کا کوئی جواز موجود نہیں ہے۔فرانسیسی وزیرِ خارجہ نے زور دیا کہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔دوسری جانب لبنان اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر عالمی برادری میں تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ متعدد ممالک جنگ بندی اور سفارتی حل کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔

