کراچی (پیپلز پارٹی، خبر ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج ہماری ریڈ لائن ہے، کشمیر کی سرحد پر کھڑا ہمارا سپاہی اپنی جان خطرے میں ڈال کر وطن کا دفاع کرتا ہے، جبکہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری کسی ایک سیاسی جماعت کو جتوانا نہیں بلکہ کشمیر کے عوام کے ووٹ کا تحفظ کرنا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کی فوج ہماری ریڈ لائن ہے، ہمارے سپاہیوں کو کسی سیاسی بحث کا نشانہ نہیں بننا چاہیے کیونکہ وہ قوم کا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے شہید فوجیوں اور پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، ہر قربانی کا احترام کیا جائے گا اور شہداء کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جو لوگ اپنا آج ہمارے کل کے لیے قربان کر رہے ہیں، ان کی عزت اور تکریم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
آزاد کشمیر کے پہلے انتخابی مرحلے کے حوالے سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری کسی ایک سیاسی جماعت کو جتوانا نہیں بلکہ کشمیر کے عوام کے ووٹ کا تحفظ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے کی ساکھ کا فیصلہ پہلے مرحلے میں انصاف سے ہوگا، الیکشن کمیشن 2 اگست سے قبل دھاندلی سے متعلق تمام شکایات کی کھلی عدالت میں سماعت کرے اور پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج اور انتخابی ریکارڈ عوام کے سامنے لائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں کسی کا احسان نہیں بلکہ اپنا حق چاہیے، ہمیں صرف صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات درکار ہیں۔

