ای پی اے اور ضلعی انتظامیہ کی نائٹ آپریشن ٹیموں نے مختلف مقامات پر فیکٹریوں اور بھٹوں
کیخلاف کارروائیاں ، غیر معیاری ایندھن فروخت کرنے والے مزید دو پٹرول پمپ سیل جرمانے عائد
پنجاب حکومت نے فضائی آلودگی کے خلاف جنگ جیتنے کا آغاز کر دیا ہے: مریم اورنگزیب
محکمہ ماحولیات پنجاب کے مطابق دن بھر جاری رہنے والی فیلڈ کارروائیوں اور مربوط حکومتی اقدامات کے نتیجے میں لاہور میں سموگ کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ دن کے آغاز میں شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 394 تھا جو رات تک کم ہو کر 187 پر آگیا۔ فضائی معیار بتدریج بہتر ہو رہا ہے اور“غیر صحت بخش”زمرے سے نکل کر نسبتاً بہتر سطح کی جانب گامزن ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رات کے اوقات میں ہوا کے دباؤ میں معمولی بہتری اور فضا میں نمی کے باعث آلودہ ذرات کے پھیلاؤ میں مزید کمی متوقع ہے۔ بالائی فضائی دباؤ اور سرد موسم کے باعث رات گئے ہلکی دھند برقرار رہنے کا امکان ہے مگر مجموعی طور پر ہوا کا معیار صبح کے مقابلے میں بہتر رہا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر“صاف فضا، صحت مند پنجاب”مہم رات گئے تک جاری رہی۔ ای پی اے، واسا، ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی ٹیمیں رات گئے تک فیلڈ میں سرگرم رہیں۔
مرکزی شاہراہوں پر پانی کے چھڑکاؤ اور اینٹی سموگ گنز کے ذریعے فضا میں نمی بڑھانے کا عمل تیز کیا گیا تاکہ صبح کے اوقات میں اسموگ کی شدت میں مزید کمی لائی جا سکے۔ای پی اے اور ضلعی انتظامیہ کی نائٹ آپریشن ٹیموں نے مختلف مقامات پر چیکنگ کے دوران متعدد فیکٹریوں اور بھٹوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔ غیر معیاری ایندھن فروخت کرنے والے مزید دو پٹرول پمپ سیل کیے گئے اور جرمانے عائد کیے گئے۔
کیپ زونز میں بغیر وی آئی سی ایس سرٹیفکیٹ گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے رات گئے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج لاہور کی فضا کل کے مقابلے میں بہتر ہے، یہ ایک دن کی نہیں بلکہ اجتماعی عزم اور“ون گورنمنٹ، ون وژن”کی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے تمام ادارے رات دن کام کر رہے ہیں اور عوامی تعاون سے یہ مہم پائیدار بنے گی۔محکمہ صحت نے شہریوں کو رات کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز، ماسک کے استعمال اور کمروں کی کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ بچوں، بزرگوں اور سانس یا دل کے مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ محکمہ ماحولیات نے کہا ہے کہ شہری کسی بھی دھوئیں، کوڑا جلانے یا آلودگی پھیلانے والی سرگرمی کی اطلاع ہیلپ لائن 1373 پر دیں۔
پنجاب حکومت کے جاری اقدامات کے نتیجے میں فضائی آلودگی میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔ سپارکو کے مطابق اس سال اسموگ کے واقعات میں 65 فیصد کمی آئی ہے۔ پانچ لاکھ گاڑیوں کو ماحولیاتی فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ چار ہزار الیکٹرک بسوں کے منصوبے میں سے پندرہ سو لاہور پہنچ چکی ہیں۔“پنجاب کلائمٹ آبزرویٹری”کے قیام کے بعد صوبے میں ڈیجیٹل ماحولیاتی ریفارمز تیز رفتاری سے جاری ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فضائی آلودگی کے خلاف جنگ جیتنے کا آغاز کر دیا ہے۔ ہر سانس کو محفوظ بنانا ہمارا مشن ہے اور عوام کی شمولیت ہماری اصل طاقت ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن اور بین المحکمہ کوششوں سے فضائی معیار میں بہتری کی امید واضح ہو چکی ہے۔“صاف فضا، صحت مند پنجاب”کی منزل اب زیادہ دور نہیں ہے۔

