لاہور (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں علامہ اقبال روڈ پر ٹریلر کی کار کو ٹکر کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کے بعد کار ٹریلر کے نیچے پھنس گئی، جس کے باعث امدادی اہلکاروں کو گاڑی کا ملبہ کاٹ کر لاشیں نکالنا پڑیں۔
پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد عاصم، ان کی اہلیہ حما عاصم اور بیٹے طلحہ عاصم کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق لاہور کے علاقے اچھرہ میں شاہ جمال سے تھا۔
ریسکیو 1122کے مطابق تصادم کے بعد کار ٹریلر کے نیچے دب گئی تھی۔ امدادی کارکنوں نے گاڑی کو کاٹ کر تینوں افراد کی لاشیں باہر نکالیں۔

پولیس نے حادثے کا مقدمہ جاں بحق افراد کے بیٹے محمد بن عاصم کی مدعیت میں درج کرلیا ہے۔ مقدمے کی درج شدہ تفصیلات کے مطابق ٹریلر ڈرائیور مبینہ طور پر تیز رفتاری اور لاپروائی سے گاڑی چلا رہا تھا، جس نے پیچھے سے کار کو ٹکر ماری اور یہ جان لیوا حادثہ پیش آیا۔
مدعی محمد بن عاصم نے اپنی شکایت میں بتایا کہ اس حادثے میں اس کے والد، والدہ اور بھائی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے حادثے کی وجوہات اور ٹریلر ڈرائیور کی مبینہ غفلت سے متعلق تحقیقات شروع کردی ہیں۔

