بیروت (عرب میڈیا) لبنان نے ایران کے نامزد سفیر محمد رضا شیبانی کے ویزے کی مزید تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کا ویزا 24 اگست کو ختم ہورہا ہے۔ لبنانی وزیر خارجہ یوسف رجی کے مطابق شیبانی کو ملک میں مزید قیام کی اجازت دینے کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنانی حکومت نے مارچ 2026 میں محمد رضا شیبانی کو ناپسندیدہ شخصیت (persona non grata) قرار دیتے ہوئے ان کی سفارتی منظوری واپس لے لی تھی اور انہیں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق بیروت نے شیبانی کو 29 مارچ تک لبنان چھوڑنے کی مہلت دی تھی، تاہم ایرانی حکومت نے انہیں واپس تہران نہیں بلایا اور وہ بیروت میں ایرانی سفارتخانے میں موجود رہے۔
لبنانی وزیر خارجہ یوسف رجی نے کہا ہے کہ شیبانی کے ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد ان کا لبنان میں قیام قانونی جواز نہیں رکھے گا اور ویزے کی تجدید کے حوالے سے کوئی بھی بات قانونی طور پر بے بنیاد ہے۔
رپورٹس کے مطابق لبنان کی جانب سے یہ فیصلہ بیروت اور تہران کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات میں مزید تناؤ کا باعث بن سکتا ہے۔ شیبانی کو مارچ میں ناپسندیدہ شخصیت قرار دیے جانے کے باوجود ایران نے انہیں واپس نہیں بلایا، جس کے باعث معاملہ کئی ماہ سے برقرار ہے۔

