محسن نقوی کی سعودی وزیرِ داخلہ سے ملاقات، ایف سی اہلکاروں کی سعودی تربیت کا فیصلہ

ریاض(وزارتِ داخلہ پاکستان، سعودی وزارتِ داخلہ)وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں پاک-سعودی دوطرفہ تعلقات، داخلی سلامتی اور سیکیورٹی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے اسپیشل ڈپلومیٹک پروٹیکشن یونٹ کے 200 اہلکاروں کو سعودی عرب میں خصوصی تربیت دی جائے گی۔مزید یہ کہ سعودی وزارتِ داخلہ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

ملاقات کے دوران سعودی وزیرِ داخلہ نے حج کے دوران انتظامات پر پاکستانی زائرین کے لیے سہولیات کو سراہا، جبکہ محسن نقوی نے سعودی حکومت کے بہترین انتظامات کی تعریف کی۔دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا، جس میں علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا گیا۔سعودی وزیرِ داخلہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔