ملٹن:میئر کے امیدوار طارق خان کا زینب عظیم کی حمایت کا اعلان

ملٹن(اشرف خان لودھی سے)ملٹن سے میئر کے انتخاب میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں میئر کے امیدوار طارق خان نے انتخابی دوڑ سے دستبردار ہو کر زینب عظیم کی حمایت کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں طارق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملٹن کی سیاست میں پیدا ہونے والی صورتحال اور کمیونٹی کی جانب سے مسلسل رابطوں کے بعد انہوں نے یہ مشکل فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں نیاگرا، مسی ساگا اور مختلف تنظیموں و افراد کی جانب سے مسلسل فون کالز موصول ہو رہی تھیں اور انہیں محسوس ہوا کہ موجودہ صورتحال ملٹن اور بالخصوص پاکستانی کمیونٹی کیلئےدرست سمت میں نہیں جا رہی۔

طارق خان نے کہا کہ یہ ان کیلئے ایک مشکل فیصلہ تھا اور اس حوالے سے مختلف قسم کے شکوک و شبہات اور باتیں بھی سامنے آ رہی تھیں، جن کی وہ وضاحت کرنا چاہتے تھے۔ ملٹن کی سیاست میں جو کچھ ہو رہا تھا وہ مذاق بنتا جا رہا تھااسی لئے انہوں نے صورتحال کو وسیع تر کمیونٹی مفاد کے تناظر میں دیکھنے کا فیصلہ کیا۔

بعد ازاں زینب عظیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طارق خان کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ سیاست ایک ٹیم ورک ہے اور کوئی ایک شخص اکیلے کچھ نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کیلئےآگے لانا ہے تاکہ اجتماعی طور پر زیادہ کام کیا جاسکے۔

زینب عظیم نے اپنی انتخابی مہم میں شامل نوجوان کارکنوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے بہت سے افراد اس سے قبل سیاست یا انتخابی مہم کا حصہ نہیں رہے، تاہم انہوں نے گھر گھر جاکر لوگوں سے رابطہ شروع کیا۔ ان کے بقول کسی اجنبی کے دروازے پر جاکر بات کرنا آسان کام نہیں، لیکن ان نوجوانوں نے اس چیلنج کو قبول کیا۔

انہوں نے کہا کہ قیادت محض کوئی عہدہ یا طاقت نہیں بلکہ دوسروں کو غیر یقینی حالات میں آگے بڑھنے اور عملی کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ 26 اکتوبر کے انتخابی نتائج کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم ان کی ٹیم اپنے مقصد پر یقین رکھتے ہوئے ملٹن کے ہر گھر تک پہنچنے کی کوشش کررہی ہے۔

زینب عظیم نے پاکستانی کمیونٹی کے بزرگوں اور رہنماؤں کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ آج کی نسل ان لوگوں کی قائم کردہ بنیادوں پر آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کینیڈین رکن پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد، محمود خان، ڈاکٹر خالد اور سرور صاحب سمیت کمیونٹی کے دیگر رہنماؤں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

زینب عظیم نے سلمیٰ زاہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستانی کمیونٹی کو سیاست میں فعال کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سلمیٰ زاہد ان نایاب سیاست دانوں میں سے ہیں جو مشکل حالات میں بھی درست بات کیلئے کھڑے ہونے کا حوصلہ رکھتی ہیں۔

انہوں نے محمود خان کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی دہائیوں تک کمیونٹی اور محنت کشوں کیلئے کام کیا اور نئی نسل کو آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ زینب عظیم نے اپنے والدین عظیم رضوی اور رابعہ عظیم، انتخابی مہم کے کارکنوں اور تقریب میں شریک تمام افراد کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر رکن پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد نے خطاب کرتے ہوئے طارق خان کے فیصلے کو کمیونٹی کے وسیع تر مفاد کیلئے ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر زینب عظیم کے ساتھ کھڑی ہو۔

سلمیٰ زاہد نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کینیڈا میں طویل عرصے سے موجود ہے اور اس نے زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، تاہم کامیابی کے لیے کمیونٹی کا متحد ہونا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ زینب عظیم کو ذاتی طور پر جانتی ہیں اور ان کے جذبے، عزم اور عوام کی خدمت کرنے کی صلاحیت سے واقف ہیں۔ ان کے مطابق زینب عظیم ملٹن کے عوام کیلئے حقیقی تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

سلمیٰ زاہد نے کہا کہ طارق خان کا اپنی ذاتی انتخابی مہم سے دستبردار ہوکر زینب عظیم کی حمایت کا فیصلہ اس بات کی مثال ہے کہ کمیونٹی کے وسیع تر مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے طارق خان کی اس کاوش پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے کمیونٹی رہنما مظہر شفیق نے بھی خطاب کیا اور طارق خان کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتخابی بیلٹ پر اپنا نام رکھنا اور میئر کا امیدوار بننا آسان عمل نہیں، اس کیلئے بہت حوصلے کی ضرورت ہوتی ہے۔

مظہر شفیق نے بتایا کہ وہ، قیصر ڈار اور احسن ضیا نے طارق خان سے ملاقات کرکے ان سے صورتحال پر بات کی تھی۔ ان کے مطابق کمیونٹی کیلئے یہ ایک اہم موقع تھا، تاہم متعدد امیدواروں کی موجودگی میں کامیابی کیلئے حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا کہ طارق خان نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی امیدواری سے دستبرداری اختیار کی اور زینب عظیم کی حمایت کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق طارق خان کی حمایت کسی شرط یا ذاتی مفاد کے تحت نہیں بلکہ کمیونٹی کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

مظہر شفیق نے کہا کہ کمیونٹی طارق خان کے اس قدم کو فراموش نہیں کرے گی اور لوگ ان کی قربانی اور فیصلے کو ضرور یاد رکھیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاملہ کسی ایک فرد یا صرف زینب عظیم کا نہیں بلکہ پوری پاکستانی کمیونٹی کے وسیع تر مفاد سے متعلق ہے۔

تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے متعدد بزرگوں، رہنماؤں، کارکنوں اور نوجوانوں نے شرکت کی، جبکہ زینب عظیم کی انتخابی مہم سے وابستہ فیلڈ ڈائریکٹرز اور رضاکار بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستانی کمیونٹی کو سیاسی عمل میں مزید فعال کردار ادا کرنا چاہیے اور نئی نسل کو قیادت کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کے اجتماعی مفاد کیلئےاتحاد اور باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔