لاہور (وقائع نگار خصوصی)پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق صوبے میں اب تک 21 افراد جاں بحق جبکہ 154 زخمی ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان کے مطابق بارشوں کے دوران چھتیں گرنے سے 15 افراد جان سے گئے، کرنٹ لگنے سے 3 جبکہ آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ اس کے علاوہ بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص بھی جان کی بازی ہار گیا۔
رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث صوبے میں 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو حکومتی پالیسی کے مطابق 10 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مون سون کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خستہ حال عمارتوں سے دور رہیں، بجلی کی تنصیبات سے احتیاط برتیں اور پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

