مکہ مکرمہ(سعودی سرکاری میڈیا، الجزیرہ، عرب میڈیا)مسجد الحرام میں ذی الحج کے پہلے جمعہ کے موقع پر لاکھوں زائرین نے نمازِ جمعہ ادا کی اور روحانی مناظر دیکھنے میں آئے۔نمازِ جمعہ کے خطبے میں ماہر المعیقلی نے ذی الحج کے پہلے دس دنوں کی عظمت اور روحانی فضیلت پر روشنی ڈالی۔
امام کعبہ نے اپنے خطبے میں کہا کہ ان بابرکت دنوں میں کیے جانے والے نیک اعمال اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ محبوب ہوتے ہیں، اس لیے عبادات اور نیکیوں میں اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے حجاجِ کرام کو ہدایت کی کہ مناسکِ حج کی حرمت کا خاص خیال رکھا جائے اور سرکاری ہدایات و ضوابط کی مکمل پابندی کی جائے تاکہ عبادات منظم اور پرامن انداز میں ادا ہو سکیں۔
ماہر المعیقلی نے یہ بھی خبردار کیا کہ بغیر اجازت حج ادا کرنا نہ صرف انتظامی مسائل پیدا کرتا ہے بلکہ دیگر حجاج کیلئے مشکلات اور نقصان کا سبب بھی بنتا ہے۔مسجد الحرام میں اس موقع پر زائرین کی بڑی تعداد موجود رہی اور عبادت کا روح پرور ماحول دیکھنے میں آیا۔

