وزیراعظم سے ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف سے ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، پاک۔ایران دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خلیجی خطے میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جانا چاہیے جو خطے میں مزید کشیدگی اور عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنی مخلصانہ سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور ایک دیانتدار ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے ایرانی قیادت کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اعلیٰ سطحی سرکاری وفد کے ہمراہ پاکستان آئے ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

اسکندر مومنی نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خطے میں امن کے قیام اور سفارتی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی کوششوں کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی۔

ایرانی وزیرِ داخلہ نے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط برقرار رکھنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔