راولپنڈی / ٹانک (آئی ایس پی آر، اے پی پی) ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خودکش حملے میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک اہلکار شہید ہو گیا، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کے عزائم ناکام بنا دیے اور فرار ہونے والے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
بیان کے مطابق شدید دباؤ کا شکار حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکار شہید ہوا۔شعبۂ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، جبکہ شہداء کی قربانیاں وطن کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

