ٹورنٹو :بگ برڈ پولٹری اور حلال کوالٹی مینجمنٹ اتھارٹی کے درمیان ایم او یو پر دستخط

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت : پنجاب چوہدری شافع حسین کے دورہ کینیڈا کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے درمیان حلال فوڈ کی تجارت کو فروغ دینے کیلئے بگ برڈ پولٹری پاکستان اور حلال کوالٹی مینجمنٹ اتھارٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہوگئے ہیں۔

چوہدری شافع حسین کی سربراہی میں ہونیوالی اس پیش رفت کا مقصد پاکستانی حلال مصنوعات کیلئے کینیڈین مارکیٹ میں نئے مواقع پیدا کرنا اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت و کاروباری روابط کو مزید فروغ دینا ہے۔

ایم او یو کی دستخطی تقریب میں بتایا گیا کہ بگ برڈ پولٹری پاکستان کے پاس مختلف بین الاقوامی سرٹیفیکیشنز موجود ہیں، جبکہ لاہور میں فریش اور فروزن چکن کیلئےمکمل مربوط پیداواری نظام قائم ہے، جس میں فیڈ مل، گرینڈ پیرنٹس اور ڈے اولڈ چکس سمیت مختلف شعبے شامل ہیں۔

بگ برڈ گروپ کے نمائندے نے بتایا کہ حلال مارکیٹ ایک اہم شعبہ ہے اور اس ایم او یو کے ذریعے پاکستان سے حلال مصنوعات کینیڈا لانے کیلئےعملی اقدامات کیے جائیں گے۔ پاکستانی فوڈ پروسیسنگ کے شعبے اور کینیڈا کے بعض بڑے چکن پروسیسنگ و فوڈ پلانٹس کے درمیان پہلے سے کاروباری روابط اور جوائنٹ وینچرز بھی موجود ہیں۔

تقریب میں بتایا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں فروزن فوڈز، خصوصاً فروزن پراٹھوں سے آغاز کیا جائیگا۔ پاکستان سے فروزن پراٹھے پہلے ہی کینیڈا درآمد ہورہے ہیں جبکہ مستقبل میں ان کی مارکیٹ کو مزید وسعت دینے پر کام کیا جائے گا۔

مقررین کے مطابق کینیڈا میں گوشت اور مرغی کی مصنوعات کی درآمد کیلئےمتعلقہ حکومتی اداروں سے ضروری منظوری حاصل کرنا ہوگی اسلئےابتدائی طور پر فروزن آئٹمز پر توجہ دی جائیگی۔ متعلقہ کینیڈین ریگولیٹری اداروں سے منظوری کا عمل بھی شروع کیا جائیگا۔

بعد ازاں بگ برڈ پولٹری پاکستان اور حلال کوالٹی مینجمنٹ اتھارٹی کے نمائندوں نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، دستاویزات کا تبادلہ کیا اور مصافحہ کیا۔

اس موقع پر مسی ساگا—ایرن ملز سے ایم پی پی شریف صباوی نے کہا کہ کینیڈین اور پاکستانی پروڈیوسرز کے درمیان یہ معاہدہ تعاون کے نئے راستے کھولے گا۔شریف صباوی نے کہا کہ اونٹاریو میں چکن کی پیداوار کے لیے مقامی فارمرز کے پاس مخصوص پیداواری کوٹے ہوتے ہیں، اس لیے کینیڈا میں چکن کی پیداوار یا پروسیسنگ کے لیے متعلقہ کوٹہ حاصل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مصنوعات کو کینیڈا میں تیار کرنے کے بعد انہیں حلال طریقے سے ذبح کرکے سرٹیفائیڈ حلال مصنوعات کے طور پر مارکیٹ میں پیش کیا جاسکتا ہے۔شریف صباوی نے معاہدے کو مزید پیش رفت کی جانب پہلا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تجارت کا اختتام نہیں بلکہ ایک شروعات ہے اور مستقبل میں اس حوالے سے مزید پیش رفت سامنے آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کیلئے بھی ایک اہم پیش رفت ہے، کیونکہ اس کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کو اونٹاریو کی مارکیٹ میں متعارف کرانے کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

ایم او یو کی دستخطی تقریب میں سینیٹر سلمیٰ عطااللہ جان، ایم پی سلمیٰ زاہد، ایم پی رانا اسلم، کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم، ٹورنٹو میں پاکستان کے قونصل جنرل خلیل احمد باجوہ اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر التمش جنجوعہ بھی شریک تھے۔