ٹورنٹو : پاکستانی نژاد رکنِ پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد کی گاڑی نذرِ آتش کردی گئی

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)ٹورنٹو میں پاکستانی نژاد رکنِ پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد کی گاڑی اور ساتھ کھڑی ایک اور گاڑی کو آگ لگا دی گئی۔ سلمیٰ زاہد اسکاربورو سینٹر—ڈان ویلی ایسٹ کی رکنِ پارلیمنٹ ہیں۔ واقعے کی تحقیقات ممکنہ آتش زنی کے طور پر کی جا رہی ہیں۔

سلمیٰ زاہد کے مطابق واقعہ جمعرات کی علی الصبح پیش آیا۔ ان کے بیٹے نے آگ دیکھی، جس کے بعد گھر والوں اور پڑوسیوں نے 911 پر اطلاع دی۔ ٹورنٹو فائر سروسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔سلمیٰ زاہد نے بتایا کہ دونوں گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، تاہم گھر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور ان کا خاندان محفوظ ہے۔

ٹورنٹو پولیس اور فائر سروسز واقعے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔ پولیس کے مطابق علاقے میں مجموعی طور پر تین گاڑیاں آگ سے متاثر ہوئی ہیں، تاہم پولیس نے ابھی تک یہ تصدیق نہیں کی کہ تمام گاڑیوں کا واقعہ سلمیٰ زاہد کے گھر سے براہِ راست متعلق تھا یا نہیں۔ کسی مشتبہ شخص کی شناخت بھی سامنے نہیں آئی۔

سلمیٰ زاہد نے ممکنہ حملے کے محرک کے بارے میں قیاس آرائی سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحقیقات کے نتائج کا انتظار کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے حملے ناقابلِ قبول ہیں اور یہ واقعہ انہیں اسکاربورو سینٹر—ڈان ویلی ایسٹ کے عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتا۔

وزیراعظم مارک کارنی نے واقعے کو بزدلانہ تشدد اور دھمکانے کی کارروائی قرار دیتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول قرار دیا اور کہا کہ انہیں سلمیٰ زاہد اور ان کے خاندان کے محفوظ ہونے پر اطمینان ہے۔