تہران(پاکستانی سفارت خانہ، خبر ایجنسیاں) ایران میں پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی نے سیستان و بلوچستان کے شہر زاہدان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی حکام سے ملاقاتوں میں تعلیم، تجارت، رابطہ کاری اور سرحدی انتظام کے شعبوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا۔
پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سفیر عمران احمد صدیقی نے مقامی حکومت کی دعوت پر صبح کے وقت یونیورسٹی آف سیستان اینڈ بلوچستان کا دورہ کیا، جہاں انہیں یونیورسٹی کے تعلیمی پروگراموں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر یونیورسٹی اور پاکستانی جامعات کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے، موجودہ مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے اور یونیورسٹی کے متعلقہ تعلیمی پروگراموں میں پاکستان اسٹڈیز کے کورسز متعارف کرانے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں پاکستانی سفیر نے ایرانی صوبہ سیستان و بلوچستان کے گورنر جنرل منصور بیجار سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، اقتصادی تعاون اور رابطہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر گفتگو کی۔ فریقین نے پاکستان سے 920 کلومیٹر طویل سرحد رکھنے والے ایرانی صوبے کے ساتھ تجارتی روابط کو مزید مستحکم کرنے، زیر التوا منصوبوں کو جلد مکمل کرنے اور بالخصوص میرجاوہ۔تفتان سرحدی گزرگاہ کے ذریعے تجارت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے نئی تجاویز پر اتفاق کیا۔
گورنر جنرل منصور بیجار نے آئندہ مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کے اجلاس میں سیستان و بلوچستان کے نمائندوں کی شرکت کی بھی تصدیق کی۔ ملاقات میں خطے کی حالیہ صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ گورنر جنرل نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے سلسلے میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا۔
سفیر عمران احمد صدیقی نے میرجاوہ۔تفتان سرحدی گزرگاہ کا بھی دورہ کیا اور ایرانی حکام کے ساتھ اس کے انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر دونوں جانب سے انتظامی مسائل کے حل اور سرحد کے آرپار گاڑیوں کی بلا تعطل آمدورفت یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستانی سفیر نے بعدازاں سرحد کے پاکستانی حصے کا بھی دورہ کیا، جہاں متعلقہ حکام نے انہیں سرحدی انتظامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایران کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے اور سرحد پر گاڑیوں کی ہموار، بلا تعطل اور سہولت پر مبنی آمدورفت یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
شام کے وقت سفیر عمران احمد صدیقی نے زاہدان چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور مقامی کاروباری برادری کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے درمیان تجارت کے فروغ، کاروباری سہولتوں اور دوطرفہ تجارتی روابط میں اضافے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے کاروباری برادریوں کے درمیان براہِ راست روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق اس دورے سے صوبے کے متعلقہ حکام کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال، جاری منصوبوں کا جائزہ لینے اور پاکستان و ایران کے درمیان تعلیمی اور تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے نئے امکانات کا جائزہ لینے کا موقع ملا۔

