پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی روابط مزید بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں:شافع حسین

ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری پنجاب چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مختلف سطحوں پر اہم پیش رفت ہورہی ہے، جبکہ کینیڈا کے ساتھ کیے جانے والے مفاہمتی معاہدوں کو عملی کاروباری معاہدوں میں تبدیل کرنے کیلئے بھی فالو اپ جاری رکھا جائے گا۔

جنگ نیوز کینیڈا کے چیف ایڈیٹر اشرف خان لودھی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ تقریباً 18 سے 20 سال بعد پنجاب کے صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے کسی وزیر کا کینیڈا کا دورہ ہوا ہے، جس کے دوران مختلف کمیونٹیز اور کینیڈا کی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکانِ پارلیمنٹ سے بھی ملاقاتیں کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو کے وزیر برائے تجارت و کامرس مسٹر فیڈیلی کے ساتھ بھی تفصیلی اور مثبت ملاقات ہوئی، جبکہ دیگر تجارتی تنظیموں کے ساتھ بھی بات چیت کی گئی ہے۔

شافع حسین نے بتایا کہ کینیڈا میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی ایکسپو میں مختلف ممالک اپنی مصنوعات اور خدمات پیش کررہے ہیں، جس میں پاکستان کی شرکت بھی اہم ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت بڑھانے کیلئےمسلسل ملاقاتیں اور مشاورت جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں کا مقصد صرف مفاہمتی یادداشتوں (MOUs) تک محدود نہیں بلکہ ان کے عملی نتائج حاصل کرنا ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ ’’MOUs سے ہم آگے اب جانا چاہتے ہیں، اس کے بعد ان شاء اللہ کانٹریکٹس ہوں گے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح چین سے پاکستان میں سرمایہ کاری آئی ہے، اسی طرح کینیڈا سے بھی مزید سرمایہ کاری لانے کے امکانات موجود ہیں۔شافع حسین نے کینیڈین برانڈ ٹم ہارٹنز کی پاکستان میں کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ برانڈ مختصر عرصے میں پاکستانی عوام میں خاصا مقبول ہوا ہے، جو دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری مواقع اور تعاون کی گنجائش کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اونٹاریو کے وزیر تجارت بھی دسمبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے، جبکہ اونٹاریو کے ڈپٹی وزیراعلیٰ کے ساتھ بھی آئندہ ایک دو روز میں ملاقات متوقع ہے۔اس موقع پر اشرف خان لودھی نے کہا کہ شافع حسین کا دورہ کینیڈا اور مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی روابط کے حوالے سے اہم قدم ہے۔

دریں اثنا، کینیڈا میں پاکستانی مصنوعات اور حلال فوڈز کے فروغ کے حوالے سے بگ برڈ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے ہیں، جس کا مقصد پاکستانی مصنوعات کو کینیڈین مارکیٹ میں مزید متعارف کرانے اور دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری روابط بڑھانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔