19 سال بعد کسی کینیڈین وزیر خارجہ کا پاکستان کا دورہ، اسحاق ڈار مارچ میں کینیڈا آئینگے
مسی ساگا(اشرف خان لودھی سے) کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے کہا ہے کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کا پاکستان کا حالیہ دورہ انتہائی کامیاب رہا، جو تقریباً 19 سال کے وقفے کے بعد کسی کینیڈین وزیر خارجہ کا پاکستان کا دورہ تھا۔ پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں۔
رکن پارلیمنٹ اقرا خالد نےاپنی رہائش گاہ پر ہائی کمشنر پاکستان محمد سلیم کے اعزازمیںعصرانے کااہتمام کیااور مہمانوں کی آمدپر خوش آمدید کہا اور آمد پر شکریہ ادا کیا۔رکن پارلیمنٹ اقرا خالد کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے بتایا کہ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار مارچ میں کینیڈا کا دورہ کرینگے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے اور پاکستان سے ٹیکسٹائل، لیدر مصنوعات، چاول اور دیگر اشیا کینیڈا برآمد کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 5 ہزار پاکستانی طلبہ کینیڈا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویزا اور ورک پرمٹ کی تجدید سمیت پاکستانی شہریوں سے متعلق مختلف معاملات پر پاکستان کینیڈین حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

“نیا پاکستانی قونصل خانہ فعال”
محمد سلیم نے بتایا کہ پاکستانی قونصل خانہ نئی عمارت میں منتقل ہو چکا ہے اور نئی لوکیشن پر خدمات کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق سابق عمارت کے مالک کی جانب سے لیز میں توسیع نہ کیے جانے کے باعث قونصل خانے کو نئی جگہ منتقل کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ نئی لوکیشن جی ٹی اے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کیلئےزیادہ موزوں ہے اور یہاں تقریباً 100 گاڑیوں کیلئے پارکنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔

ہائی کمشنر نے بتایا کہ بہت سی قونصلر خدمات اب آن لائن دستیاب ہیں، اسلئے شہریوں کو ہر معاملے کیلئے قونصل خانے یا ہائی کمیشن آنے کی ضرورت نہیں۔ تاہم نومولود بچوں کی رجسٹریشن اور پاور آف اٹارنی کی تصدیق جیسی بعض خدمات کیلئے قونصل خانے سے رجوع کرنا پڑتا ہے۔
“پاکستانی کمیونٹی کی پارلیمنٹ میں مضبوط نمائندگی”
محمد سلیم نے کہا کہ اونٹاریو میں پاکستانی کمیونٹی بڑی اور فعال کمیونٹی ہے اور اس وقت پاکستانی نژاد 6 ارکان پارلیمنٹ کمیونٹی کی نمائندگی کر رہے ہیں، جو قابلِ فخر بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کینیڈا کے معاشرے اور ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں پاکستانی کینیڈین کمیونٹی ایک پل کا کردار ادا کر سکتی ہے۔
“ٹریول ایڈوائزری کے حوالے سے وضاحت”
ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے حوالے سے ماضی میں جاری ہونے والی ٹریول ایڈوائزری کے بارے میں کہا کہ یہ ایڈوائزری پورے پاکستان کیلئےنہیں بلکہ مخصوص علاقوں کے حوالے سے تھی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تقریباً 12 وفود کا تبادلہ ہو چکا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کی عکاسی کرتا ہے۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک اس وقت اقتصادی سفارت کاری پر توجہ دے رہے ہیں اور پاکستان بھی اپنی معیشت کو بہتر بنانے اور عالمی سطح پر تجارتی روابط بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں سیاست کے مختلف پہلوؤں میں ڈائسپورا اور مختلف کمیونٹیز کے اہم معاملات شامل ہیں، جبکہ پاکستان اور کینیڈا دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کی بہتری کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔
اس موقع پر رکن پارلیمنٹ سمیر زبیری، رکن پارلیمنٹ اسلم رانا، پاکستان کے قونصل جنرل خلیل باجوہ اور ڈپٹی قونصل محمد حسن،حافظ خالد،کالم نگار میاں حبیب،لبرل اونٹاریوکے چئیرقیصرڈار،بدرمنیر،پاکستان پیپلزپارٹی کینیڈاکے صدرچوہدری جاویدگجر بھی موجود تھے۔

