ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری پنجاب شافع حسین نے اونٹاریو کے وزیر اقتصادی ترقی، روزگار اور تجارت وکٹر فیڈیلی سے ملاقات کی، جس میں دونوں صوبوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی روابط بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات ٹورنٹو میں ہوئی، جس میں شافع حسین کے ہمراہ سرکاری وفد بھی موجود تھا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرا نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان حالیہ برسوں میں بڑھتے ہوئے اقتصادی روابط کو سراہتے ہوئے پنجاب اور اونٹاریو کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی تبادلوں کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
شافع حسین نے زرعی خوراک، ایگرو ٹیک، ویلیو ایڈیشن اور ڈیری، لائیو اسٹاک، پولٹری، توانائی اور ہمالیائی گلابی نمک کے شعبوں میں سپلائی چین مینجمنٹ کو پنجاب اور اونٹاریو کے درمیان اقتصادی روابط مزید گہرا کرنے کے لیے اہم شعبے قرار دیا۔
دونوں جانب سے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور دونوں صوبوں کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی۔شافع حسین نے اونٹاریو کے وزیر وکٹر فیڈیلی کو لاہور کے دورے کی دعوت دی، جسے اونٹاریو کے وزیر نے قبول کرلیا۔

