پنجاب حکومت کا عیدالاضحی صفائی آپریشن اختتام پذیر

ستھرا پنجاب کے ورکرز کیلئے10، 10 ہزار روپے انعام، 3 لاکھ 60 ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں

پنجاب حکومت کی زیر نگرانی عیدالاضحٰی کا سہ روزہ صفائی آپریشن اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اس ضمن میں لبرٹی چوک لاہور میں باضابطہ تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور وزیراعلی کے مشیر ذیشان ملک تھے جبکہ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، کمشنر لاہور مریم خان، ڈپٹی کمشنر محمد علی اعجاز، ڈی جی سُتھرا پنجاب بابر صاحب دین، فوکل پرسن ستھرا پنجاب عاصم محمود نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر اور مشیر سُتھرا پنجاب کے ورکرز کے ساتھ گھل مل گئے اور ان کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اس موقع پر میڈیا کو عید آپریشن پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز کی جانب سے عیدالاضحٰی پر ستھرا پنجاب کے ورکرز کے لئے 10، 10 ہزار روپے فی کس انعام کا اعلان کیا۔ انہوں نے صفائی کے انتظامات میں شہریوں کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ سُتھرا پنجاب کے ہیروز کا شکرگزار ہوں جنہوں نے دن رات محنت اور لگن سے کام کیا۔ شدید گرمی میں سُتھرا پنجاب کی پوری ٹیم اور انتظامی افسران مسلسل متحرک رہے۔ وزیر بلدیات نے بتایا کہ وزیراعلی مریم نواز نے شہریوں کی سہولت کیلئے عید پر اضافی وسائل فراہم کئے۔ صوبائی وزیر نے تمام کمشنرز، ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز اور ماتحت عملے کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بار تاریخی انتظامات کئے گئے۔ میڈیا نے انتہائی مثبت کردار ادا کیا۔ ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ مریم نواز کے سُتھرا پنجاب نے کمال کر دیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی کے حکم پر میں نے عید سے پہلے اور عید کے دوران مختلف شہروں کے دورے کئے۔ پنجاب بھر میں تین روز کے دوران 3 لاکھ 60 ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں۔ ایک لاکھ 84 ہزار ورکرز اور 60 ہزار گاڑیوں نے آپریشن میں حصہ لیا۔ پنجاب بھر میں گاڑیوں نے آلائشیں اٹھانے کیلئے 60 لاکھ کلومیٹر کا سفر کیا۔ عید کے دوران عوامی شکایات پر چند منٹس کے اندر ایکشن لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے لمحہ بہ لمحہ عید آپریشن کی نگرانی کی اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ تعفن سے بچنے کیلئے عرق گلاب، فینائل اور چونے کا استعمال کیا گیا۔ میں نے جس شہر میں بھی شہریوں سے بات کی انہوں نے انتظامات کی تعریف کی۔ یہ کامیابی وزیراعلی مریم نواز کی حکومت کی گڈ گورننس کا واضح ثبوت ہے۔ سُتھرا پنجاب کا پنجاب حکومت کی نیک نامی کا سبب بننا ہمارے لئے اعزاز ہے۔ آلائشیں ڈمپ کرنے کے لئے قریب ترین علاقوں میں گڑھے بنائے گئے۔ صفائی کے باعث ایسے لگتا ہے جیسے عید قربان تھی ہی نہیں۔ ہر جگہ ورکرز نے باعزت روزگار ملنے پر وزیراعلی مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سُتھرا پنجاب کے ہیروز نے بہترین کام کیا ہے، سب کو ہمارا سلام۔ پنجاب میں الائشوں کی ممنوعہ مقامات پر صرف 200 خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق تینوں روز فیلڈ میں متحرک رہے۔ انہوں نے عید کے پہلے روز پہلے لاہور کے مختلف علاقوں کے طوفانی دورے گئے بعدازاں وہ جڑانوالہ، ضلع فیصل اور پھر ملتان گئے۔ عید کے دوسرے روز ذیشان رفیق نے یکے بعد دیگرے پانچ اضلاع کا دورہ کر کے عیدالاضحٰی کیلئے انتظامات کا معائنہ کیا۔ ان شہروں میں وہاڑی، بوریوالہ، میاں چنوں، چیچہ وطنی، ساہیوال، اوکاڑہ اور پتوکی شامل ہیں۔

سخت گرمی کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر وزیراعلی کے مشیر ذیشان ملک، ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، کمشنر لاہور مریم خان، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن ر محمد علی اعجاز، ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب بابر صاحب دین اور وزیراعلی کے فوکل پرسن برائے سُتھرا پنجاب عاصم محمود دورے بھی موجود تھے۔ انہوں نے مغلپورہ، جی ٹی روڈ، اندرون لاہور، مال روڈ، نشتر ٹاؤن اور آشیانہ سکیم کے علاقوں اور ویسٹ کولیکشن پوائنٹس کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر اور مشیر نے فیلڈ سٹاف سے ملاقات کی اور ان میں عیدی اور گفٹس تقسیم کئے۔ انہوں نے اندرون شہر کے مکینوں اور دکانداروں سے فیڈ بیک بھی لیا۔ شہریوں نے صفائی کے انتظامات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قربانی کے جانور ذبح کرتے ہی سُتھرا پنجاب والےالائشیں اٹھانے آجاتے ہیں۔ امسال پہلے سے بھی بہتر انتظامات کئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر اور انتظامی افسران نے بھی صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب کو شاباش دی۔

لبرٹی چوک لاہور اور دیگر شہروں کے دورے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کی زیر نگرانی پنجاب بھر میں عید آپریشن نان سٹاپ جاری رہا۔ سُتھرا پنجاب کے ہیروز نے چلچلاتی دھوپ میں بھی خندہ پیشانی کے ساتھ کام کیا۔ نماز عید سے پہلے پنجاب کی 65 ہزار مساجد اور عیدگاہوں کی صفائی کی گئی۔ اس بار قبرستانوں کو خصوصی طور پر صاف کیا گیا۔ پنجاب بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں متحرک رہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے لئے ہر یونین کونسل کی سطح پر صفائی پلان بنایا گیا۔ مانیٹرنگ کے لئے سیف سٹیز کے کیمروں سے بھی مدد لی گئی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ قربان گاہوں اور سڑکوں کو چونے، فینائل اور عرق گلاب کے ساتھ دھونے سے تعفن پیدا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز خود لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹ حاصل کرتی رہیں۔ شہریوں کے تعاون کے بغیر اہداف حاصل کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ”سُتھرا پنجاب” سے شہریوں کو صحتمند اور صاف ماحول فراہم کرنے میں نمایاں کامیابی ملی۔ پنجاب میں صفائی کا معیار پورے پاکستان کیلئے مثال بن چکا ہے۔ دیگر صوبے بھی ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ پتوکی میں سُتھرا پنجاب کے ورکرز نے صوبائی وزیر کا استقبال گلپاشی کے ساتھ کیا تو ذیشان رفیق نے بھی ان پر پتیاں پھینک کر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔