پنسلوانیا :طلاق کی درخواست پر مشتعل شخص نے اپنا ہی گھر گرا دیا

پنسلوانیا ( امریکی میڈیا)امریکی ریاست پنسلوانیا کے بٹلر کاؤنٹی میں ایک شخص نے بیوی کی جانب سے طلاق کی درخواست دائر کیے جانے پر غصے میں آ کر کھدائی کرنیوالی مشین کے ذریعے اپنا ہی گھر مسمار کرنا شروع کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق 48 سالہ ایرک پیروشا کو جب اس کی اہلیہ نے بتایا کہ وہ طلاق کی درخواست دائر کر چکی ہے اور ان کی شادی ختم ہو چکی ہے تو وہ شدید مشتعل ہو گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ایرک پیروشا نے رات بھر شراب نوشی کے بعد تعمیراتی مشین استعمال کرتے ہوئے گھر کے ایک حصے کو نقصان پہنچایا۔ واقعے سے قبل اس نے اپنی بیوی سے کہا تھا کہ اگر سب کچھ ختم ہو گیا تو وہ گھر بھی گرا دے گا۔

حیران کن طور پر جس وقت اس نے گھر کو نقصان پہنچانا شروع کیا، اس کی بیوی اور دو بیٹیاں گھر کے اندر موجود تھیں۔ صورتحال خطرناک ہونے پر خاتون نے ہنگامی امدادی اداروں کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں لے لیا۔

واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس نے ایرک پیروشا کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ اس کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔