اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد کل شب 12 بجے سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کیلئےہڑتال اور تمام پیٹرول پمپ بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کے ساتھ ہونیوالے مذاکرات میں ڈیلرز کے کمیشن، یومیہ بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین اور دیگر اہم مطالبات پر اتفاق رائے نہ ہو سکا، جس کے باعث ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ تعین کرنے کے مجوزہ نظام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پالیسی سے پیٹرول پمپ مالکان کو شدید انتظامی اور مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق قیمتوں میں روزانہ تبدیلی سے اسٹاک، حسابات اور سپلائی چین کا نظام متاثر ہوگا، جبکہ اس حوالے سے متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں بھی نہیں لیا گیا۔
ایسوسی ایشن کا مطالبہ ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نئے طریقۂ کار پر نظرثانی کرے، ڈیلرز کے منافع کے مارجن کا ازسرِنو تعین کرے اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز)، پیٹرول پمپ مالکان اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد ہی کوئی نیا نظام نافذ کیا جائے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے خطے کی غیر یقینی صورتحال اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیشِ نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) مقررہ طریقۂ کار کے مطابق روزانہ قیمتوں کا اعلان کرے گی۔

