لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق پاکستان پیپلز پارٹی کے الزامات پر ردِعمل دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ ’’قیامت کتنے بجے ہے؟‘‘
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں مریم نواز نے لکھا کہ پیپلز پارٹی، جو خود دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر ہے، آج دھاندلی کا رونا رو رہی ہے۔

اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکریٹری حسن مرتضیٰ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں ان کی جماعت کے ساتھ دھاندلی کی گئی اور انتخابی ضابطۂ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی ہوتی رہی۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے غیر جانبدار ادارے کے بجائے الیکشن ایجنٹ کا کردار ادا کیا اور دھاندلی کی نئی مثال قائم کی گئی۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ کے والد کشمیر جا کر کہتے ہیں کہ مجھے وزیرِ اعظم بنا دیا جائے، آج اگر آپ کشمیر جا کر وزیرِ اعظم بننے کا مطالبہ کرتے ہیں تو یہ بھی پیپلز پارٹی کی بدولت ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ پولنگ کے روز ان کی جماعت کا ایک کارکن شہید ہوا، اور تاریخ اس بات کی گواہ رہے گی کہ قاتل کون تھا اور مقتول کون تھا۔

