کارنی کا کیوبیک میں 6 آئس بریکرز کی تعمیر کیلئے 11.3 ارب ڈالر کی فنڈنگ کا اعلان

اوٹاوا (نمائندہ خصوصی) کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے کیوبیک کی شپ بلڈنگ انڈسٹری میں چھ نئے آئس بریکرز کی تعمیر کے لیے 11.3 ارب ڈالر کی وفاقی فنڈنگ کا اعلان کردیا، جن میں پہلا بحری جہاز پانچ سال بعد کینیڈین کوسٹ گارڈ کے حوالے کیا جائے گا۔

وزیراعظم مارک کارنی نے کیوبیک کے شہر لیویز میں قائم چانٹیئر ڈیوی شپ یارڈ میں کیوبیک کی پریمیئر کرسٹین فریشیٹ کے ہمراہ منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے اسے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا شپ بلڈنگ معاہدہ قرار دیا۔

مارک کارنی نے کہا کہ منصوبے پر تیزی سے کام شروع کیا جائے گا، اگلے موسم خزاں میں پہلے جہاز کا اسٹیل کاٹا جائے گا، پانچ سال بعد پہلا آئس بریکر تیار ہوگا جبکہ اس کے مزید پانچ سال بعد چھ جہازوں پر مشتمل مکمل بیڑا سروس میں شامل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نئے آئس بریکرز بحر اوقیانوس کے کینیڈین علاقوں، موسم سرما میں دریائے سینٹ لارنس اور موسم گرما کے دوران کینیڈا کے آرکٹک خطے میں خدمات انجام دیں گے۔

کینیڈین وزیراعظم کے دفتر کے مطابق تمام چھ بحری جہاز لیویز کے چانٹیئر ڈیوی شپ یارڈ میں تعمیر کیے جائیں گے اور وفاقی حکومت کی ’بائے کینیڈین‘ پالیسی کے تحت ان کی تیاری میں کینیڈین اسٹیل استعمال کیا جائے گا۔

مارک کارنی نے کہا کہ منصوبے کے دوران تقریباً 5 ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ کیوبیک کی پریمیئر کرسٹین فریشیٹ نے معاہدے کو لیویز کے لیے ایک تاریخی دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صوبے کی معاشی خودمختاری کو تحفظ ملے گا اور ویلڈرز اور ٹیکنیشنز سمیت ہنرمند افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی مذاکرات ناکام ہوچکے ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈین صنعتوں پر نئے ٹیرف کی دھمکیاں سامنے آرہی ہیں۔

کینیڈین حکومت نے 2024 میں قومی شپ بلڈنگ حکمت عملی کے تحت چانٹیئر ڈیوی کو چھ نئے پولر کلاس تھری آئس بریکرز کے ڈیزائن کے لیے ابتدائی طور پر 19.6 ملین ڈالر کا معاہدہ دیا تھا۔

کینیڈین کوسٹ گارڈ اپنے بحری بیڑے کی بڑے پیمانے پر تجدید کے مرحلے میں ہے، قومی شپ بلڈنگ حکمت عملی کے تحت 2045 تک مجموعی طور پر 88 نئے بحری جہاز فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔