کال سینٹر پر چھاپہ، 28 ملزمان 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے

کراچی(نمائندہ خصوصی) جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی شرقی کی عدالت میں غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپے کے کیس کی سماعت ہوئی، این سی سی آئی اے نے گرفتار 28 ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا۔عدالت نے تمام ملزمان کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے کردیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان امریکی شہریوں کا ڈیٹا حاصل کرکے بینک اکاؤنٹس یا کارڈز سے رقم منتقل کرتے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فون اور دیگر آلات برآمد کیے گئے ہیں۔تفتیشی افسر کے مطابق ڈیجیٹل آلات سے بڑی تعداد میں امریکی شہریوں کا ڈیٹا بھی برآمد ہوا ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے تفتیش میں پیشرفت کی رپورٹ طلب کرلی۔