کراچی: پیپلز بس ڈرائیوروں کا احتجاج مذاکرات کے بعد ختم، ٹریفک بحال

کراچی(پولیس حکام)کراچی میں ٹاور کے قریب پیپلز بس سروس کے ڈرائیوروں نے احتجاج کیا جس کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی۔پولیس حکام کے مطابق پیپلز بس کی ایک موٹر سائیکل سے ٹکر ہوئی تھی، موٹر سائیکل سوار ایک پولیس اہلکار تھا جو اپنی فیملی کے ساتھ موجود تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد پولیس اہلکار اور بس ڈرائیور کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد اہلکار نے اپنے ساتھیوں کو موقع پر بلا لیا۔

پولیس کے مطابق بعد ازاں بس ڈرائیور پر مبینہ تشدد کیا گیا جس کے خلاف پیپلز بس سروس کے دیگر ڈرائیوروں نے احتجاج شروع کر دیا۔ٹاور کے مقام پر ٹریفک معطل رہی، تاہم پولیس اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ٹریفک بحال کر دی گئی جبکہ بات چیت کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کر دیا گیا۔