کولمبیا میں مسلح گروہوں کی جھڑپیں، کم از کم 52 جنگجو ہلاک

بوگوتا( رائٹرز، کولمبیا فوج)کولمبیا میں دو مسلح گروہوں کے درمیان شدید جھڑپوں میں کم از کم 52 جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں، یہ دعویٰ لڑائی میں شامل ایک دھڑے نے اپنے بیان میں کیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق یہ جھڑپیں کوکین کی پیداوار اور اسمگلنگ کے ایک اسٹریٹجک علاقے پر قبضے کی کوشش کے دوران ہوئیں، جو ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں واقع جنگلاتی خطہ ہے۔فوج اور کولمبیا کے دفاعی حکام نے علاقے میں لڑائی کی تصدیق کی ہے، تاہم ہلاکتوں کی تعداد کی آزادانہ تصدیق نہیں کی جا سکی۔

رپورٹ کے مطابق جھڑپیں سابق باغی تنظیم FARC کے دو متحارب دھڑوں کے درمیان ہوئیں، جن میں سے ایک کی قیادت نِسٹر گریگوریو ویرا (ایوان مورڈیسیو) اور دوسرے کی قیادت الیگزینڈر ڈیاز مینڈوزا (کالارکا کورڈوبا) کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق حکومت نے علاقے میں فوجی دستے تعینات کر دیے ہیں تاکہ شہری آبادی کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔یہ جھڑپیں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب کولمبیا میں صدارتی انتخابات قریب ہیں اور ملک میں مسلح گروہوں کے ساتھ امن مذاکرات اور سیز فائر کے عمل کو پہلے ہی مشکلات کا سامنا ہے۔