کوٹلی کے حلقہ ایل اے 9 میں فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، 3 زخمی

کوٹلی(پولیس، خبر ایجنسیاں)آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی کے حلقہ ایل اے 9 میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے، جس کے بعد متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا۔

ڈی آئی جی کامران علی نےگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نکیال کے علاقے ڈبسی میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ پولیس نے واقعے میں تین افراد کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید اقبال بڈھانوی نے دعویٰ کیا کہ فائرنگ میں ان کی جماعت کا کارکن مختیار یونس جاں بحق ہوا، جس کی لاش تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد حلقہ ایل اے 9 کوٹلی کے متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر کشیدگی پیدا ہوگئی، جس کے باعث پولنگ کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔