کویت کے وزیر خارجہ 28 جولائی سے پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے

اسلام آباد(دفتر خارجہ، خبر ایجنسیاں)کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح 28 سے 29 جولائی تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کویتی وزیر خارجہ یہ دورہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق دورے کے دوران کویتی وزیر خارجہ اور اسحاق ڈار کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوں گے، جن میں پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق کویتی وزیر خارجہ کا یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔ دونوں ممالک باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔