کیف:یوکرین کا روسی آئل ریفائنری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

کیف/ماسکو (خبر ایجنسی، بین الاقوامی میڈیا)یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے روس کے علاقے ساراتوف میں واقع ایک آئل ریفائنری کو گزشتہ رات نشانہ بنایا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ رات کے وقت کیا گیا، تاہم تاحال ریفائنری کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان یا وہاں ہونے والی تباہی کے بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

دوسری جانب روسی حکام نے بھی اس دعوے پر فوری طور پر کوئی ردِعمل نہیں دیا اور نہ ہی آئل ریفائنری کو نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے کوئی باضابطہ معلومات جاری کی ہیں۔

ادھر یوکرین کے زاپوریژیا جوہری بجلی گھر پر ہونے والے ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک عمارت کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس پر بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

رافیل گروسی نے کہا کہ جوہری تنصیبات پر حملے انتہائی خطرناک ہیں اور ایسی کارروائیاں ’’آگ سے کھیلنے‘‘ کے مترادف ہیں۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ جوہری تنصیبات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے دوران توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی تنصیبات ایک بار پھر حملوں کا نشانہ بن رہی ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔