وزیراعظم مارک کارنی کا جنوبی کوریا میں تاریخی اعلان، برامپٹن سمیت پورے کینیڈا کیلئےترقی کے نئے مواقع
نوجوان اور کاروباری طبقے کے لیے مواقع کی بھرپور توسیع ملے گی:برامپٹن کی رکن پارلیمنٹ سونیا سدھو
اوٹاوا (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم مارک کارنی نے دورۂ جنوبی کوریا کے دوران کینیڈا کی نئی انڈو پیسیفک حکمتِ عملی کا اعلان کیا جو کینیڈا کی عالمی شمولیت میں ایک تبدیلی کا سنگِ میل ثابت ہو گی۔ اس حکمتِ عملی کا مقصد تجارت کو متنوع بنانا، شراکت داریوں کو مضبوط کرنا اور کینیڈین کاروباروں اور کارکنوں کیلئےمواقع پیدا کرنا ہے۔
برامپٹن سے رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو نے اس موقع پر کہا کہ”کینیڈا مستقبل کی طرف جرات مندانہ قدم بڑھا رہا ہے۔ انڈو پیسیفک خطہ برامپٹن کے کاروباریوں، صنعت کاروں اور اختراع کاروں کیلئےبے پناہ امکانات رکھتا ہے۔ ہم روایتی منڈیوں سے آگے بڑھ کر ترقی اور مضبوطی کے نئے راستے کھول رہے ہیں برامپٹن سے لے کر پورے کینیڈا تک۔”
ایشیائی و بحرالکاہل اقتصادی تعاون (APEC) کے رہنماؤں کے اجلاس میں وزیرِاعظم کارنی نے متعدد اہم اقدامات کا اعلان کیا، جن میں شامل ہیں.
کینیڈا اور جنوبی کوریا کے درمیان نیا دفاعی و سلامتی تعاون شراکت داری معاہدہ جو انڈو پیسیفک خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا ہے۔جنرل سیکیورٹی آف انفارمیشن معاہدے کی تکمیل، جس کے تحت دفاع، سائبر سیکیورٹی اور صنعتی تحفظ کے شعبوں میں اشتراک بڑھایا جائیگا۔
ٹیم کینیڈا تجارتی مشن 2026، جو جنوبی کوریا میں برآمدات اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کریگا۔تھائی لینڈ کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے مذاکرات کا آغاز اور چلی کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ فریم ورک کی تجدید جس میں صاف توانائی، اہم معدنیات اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے شامل ہیں۔
سونیا سدھو نے مزید کہا”یہ اقدامات صرف سفارتکاری تک محدود نہیں، بلکہ ان کا براہِ راست فائدہ برامپٹن کے خاندانوں تک پہنچے گا۔ خواہ بات ہو ایڈوانسڈ مینوفیکچرنگ کی، صاف توانائی کی یا ڈیجیٹل اختراع کی برامپٹن اس قیادت کیلئے تیار ہے۔”
وزیراعظم مارک کارنی نے اپنے بیان میں کہا”دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور کینیڈا کو اپنی قوم، اپنے نظریات اور اپنے مستقبل پر بڑا سرمایہ لگانا ہوگا۔ ہمیں اندرونِ ملک مضبوط سرمایہ کاری اور بیرونِ ملک نئی شراکت داریوں کے ذریعے آگے بڑھنا ہے۔ انڈو پیسیفک خطہ ہمارے کارکنوں اور کاروباروں کیلئےے حد مواقع فراہم کرتا ہے اور کینیڈا ان مواقع کو حاصل کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔”
رکنِ پارلیمنٹ سدھو نے کینیڈا کی 2029 میں APEC کی میزبانی کی تیاریوں کو بھی خوش آئند قرار دیا، جس سے ملکی صنعتوں اور شہروں کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے کا موقع ملے گا۔
آخر میں انہوں نے کہا”میں برامپٹن کی آواز کو کینیڈا کی بین الاقوامی حکمتِ عملی میں شامل رکھنے کیلئے پرعزم ہوں۔ ہم سب مل کر ایک مضبوط، جامع اور متنوع معیشت کی بنیاد رکھ رہے ہیں. جو ہماری کمیونٹی کی صلاحیت اور تنوع کی عکاس ہو گی۔”

