برامپٹن (اشرف خان لودھی) کینیڈا گیٹ وے ایکسپو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا محمد تنویر نے کہا ہے کہ دو روزہ کینیڈا گیٹ وے ایکسپو کا بنیادی مقصد پاکستان اور کینیڈا سمیت مختلف ممالک کے کاروباری افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا، تجارتی و کاروباری روابط کو فروغ دینا اور پاکستانی کاروباری برادری کے لیے بین الاقوامی مارکیٹ میں نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
صحافی اشرف خان لودھی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا محمد تنویر نے بتایا کہ ان کی کمپنی ورلڈ ٹریڈ ڈویلپرز انکارپوریشن کینیڈا کے علاوہ امریکا، آسٹریلیا، برطانیہ اور پاکستان میں بھی رجسٹرڈ ہے اور کاروباری فورمز کے ذریعے کاروبار کے فروغ اور کاروباری روابط بڑھانے کیلئےکام کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دو روزہ پروگرام میں پہلے روز لائف اسٹائل ایکسپو بزنس اینڈ انویسٹر کانفرنس منعقد ہوئی، جس کا مقصد لائف اسٹائل سے متعلق مصنوعات اور خدمات کو متعارف کرانا تھا، جبکہ دوسرے روز کینیڈا گیٹ وے ایکسپو کے تحت میٹ اینڈ گریٹ اور نیٹ ورکنگ سیشن منعقد کیا گیا۔
رانا محمد تنویر کے مطابق نیٹ ورکنگ خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے انتہائی اہم ہے، کیونکہ خریداروں اور سپلائرز کے درمیان براہ راست رابطے سے کاروباری شراکت داری اور تجارت کو وسعت دینے کے نئے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپو میں گھانا، روس، ایران، کینیڈا اور پاکستان سمیت مختلف ممالک کے کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔ ان کا مقصد ایک ایسا کاروباری فورم قائم کرنا ہے جہاں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو ایک چھت تلے لایا جا سکے اور انہیں نیٹ ورکنگ، طلب و رسد، خریداروں، سپلائرز اور ممکنہ کاروباری شراکت داروں تک رسائی حاصل ہو۔
رانا محمد تنویر نے کہا کہ لوگوں کے درمیان براہِ راست روابط کاروباری مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور کینیڈا گیٹ وے ایکسپو اسی مقصد کے تحت پاکستان کے کاروباری طبقے کو کینیڈا اور عالمی مارکیٹ سے جوڑنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایکسپو میں پاکستان سے صوبائی وزیر شافع حسین کی قیادت میں ایک اہم وفد نے شرکت کی۔ وزیر شافع حسین نے کینیڈا میں مقامی کاروباری شخصیات اور تجارت سے متعلق سرکاری حکام سے ملاقاتیں کیں، جبکہ مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر بھی دستخط کیے گئے۔
رانا محمد تنویر نے کہا کہ پاکستانی وفد کو کینیڈا لانے اور اس طرح کے کاروباری روابط قائم کرنے میں ان کے پلیٹ فارم کا اہم کردار ہے، تاہم وہ اس کامیابی کا کریڈٹ صرف اپنی تنظیم تک محدود نہیں کرنا چاہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایکسپو کے ذریعے ہر کاروباری فرد کو یہ موقع فراہم کیا گیا کہ وہ خریدار اور فروخت کنندہ کے طور پر اپنے کاروبار کو وسعت دے، نئی شراکت داریاں قائم کرے اور اپنے کاروباری روابط کو آگے بڑھائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت یا کوئی دوسرا ادارہ اس کامیابی کا کریڈٹ لینا چاہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں، کیونکہ حکومت پاکستان، پاکستانی سفارتخانہ اور متعلقہ ادارے سب پاکستانی کمیونٹی کے اپنے ادارے ہیں، اس لیے اس کامیابی کا کریڈٹ سب کو ملنا چاہیے۔
رانا محمد تنویر نے بتایا کہ ایکسپو میں پاکستان کی معروف کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی، جن میں غنی گروپ کے حافظ اویس غنی، بگ برڈ کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالقیوم باسط اور دیگر نمایاں کاروباری رہنما شامل تھے۔ بعض کاروباری شخصیات کے لیے یہ کینیڈا میں پہلی مرتبہ اس نوعیت کے کاروباری نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم میں شرکت کا موقع تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد صرف ایک ایکسپو منعقد کرنا نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر ایسا بزنس فورم قائم کرنا ہے جہاں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے ایک دوسرے سے رابطہ کرسکیں، اپنی مصنوعات اور خدمات متعارف کرا سکیں اور نئے کاروباری مواقع حاصل کرسکیں۔
اس موقع پر صحافی اشرف خان لودھی نے کہا کہ صوبائی وزیر شافع حسین کی جانب سے کینیڈا میں مقامی کاروباری شخصیات اور متعلقہ سرکاری حکام سے ملاقاتیں اور مختلف ایم او یوز پر دستخط ایک اہم پیش رفت ہے۔
اشرف خان لودھی نے رانا محمد تنویر کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں تقریباً 28 سال کے عرصے میں انہوں نے کسی پاکستانی وزیر کو اس سطح پر آکر کاروباری اور تجارتی حلقوں سے ملاقاتیں کرتے نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ سلسلہ شروع ہوا ہے تو اسے پایہ تکمیل تک پہنچنا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی روابط کیلئےصرف ایم او یوز پر دستخط کافی نہیں بلکہ ان معاہدوں پر عملی طور پر عمل درآمد بھی ضروری ہے تاکہ دونوں ممالک کے کاروباری طبقے کو حقیقی فوائد حاصل ہوسکیں۔
رانا محمد تنویر نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافیوں اور میڈیا نمائندوں نے ابتدا ہی سے اس منصوبے کو مثبت انداز میں اجاگر کیا اور ان کی معاونت سے اس اقدام کو آگے بڑھانے میں مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ انہیں ماضی میں اپنے منصوبے کے حوالے سے تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے تنقید کا جواب کسی پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی سے دینے کو ترجیح دی۔
رانا محمد تنویر کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان کاروباری روابط مزید مضبوط ہوں، پاکستانی کاروباری برادری کو عالمی مارکیٹ سے جوڑا جائے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا گیٹ وے ایکسپو اسی وژن کا حصہ ہے اور مستقبل میں اس پلیٹ فارم کو مزید وسعت دے کر پاکستان سمیت مختلف ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط اور شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔

