یوگنڈا: دنیا کے کم عمر ترین بادشاہ روکیڈی چہارم 34 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

کمپالا (رائٹرز) یوگنڈا کی ریاست تورو کے بادشاہ اویو نیِمبا کابامبا ایگورو روکیڈی چہارم 34 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کا اعلان ریاست تورو کے وزیرِاعظم کیلون آرمسٹرانگ رومیئر اکییکی نے کیا۔

بادشاہ روکیڈی چہارم جمعرات 27 اگست کو مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 10 بجے امریکا میں زیرِ علاج انتقال کر گئے۔ ان کی موت کی وجہ فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔

روکیڈی چہارم نے اپنے والد کے انتقال کے بعد صرف 3 برس کی عمر میں 12 ستمبر 1995ء کو تورو کی بادشاہت سنبھالی اور دنیا کے کم عمر ترین حکمران بن گئے۔ وہ ابتدائی برسوں میں سرپرستوں کی نگرانی میں ریاست کے رسمی امور انجام دیتے رہے اور 18 برس کی عمر میں مکمل شاہی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

یوگنڈا ایک جمہوریہ ہے اور تورو سمیت روایتی بادشاہتوں کو سیاسی اختیار حاصل نہیں، تاہم یہ بادشاہتیں ملک میں اہم ثقافتی اور سماجی حیثیت رکھتی ہیں۔

بادشاہ اویو نوجوانوں کے امور، تعلیم اور ماحولیاتی تحفظ سمیت مختلف سماجی شعبوں میں سرگرم رہے۔ ان کے انتقال پر یوگنڈا میں سیاسی، ثقافتی اور مذہبی شخصیات کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔