10 ہزار روپے کم تنخواہ ملنے پر ملازم نے فیکٹری جلا دی، 24 کروڑ کا نقصان

سورت (بھارتی میڈیا) بھارت میں ایک ملازم نے تنخواہ میں 10 ہزار بھارتی روپے کم ملنے پر بدلہ لینے کیلئے ٹیکسٹائل فیکٹری میں آگ لگادی، جس کے نتیجے میں فیکٹری کو 24 کروڑ بھارتی روپے کا نقصان ہوگیا۔

بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں ٹیکسٹائل فیکٹری میں اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آتشزدگی کے نتیجے میں فیکٹری میں موجود کروڑوں روپے مالیت کا کپڑا اور بھاری مشینری جل کر تباہ ہوگئی۔

ابتدائی طور پر واقعے کو حادثہ قرار دیا جارہا تھا، تاہم پولیس نے فیکٹری کے نگرانی کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا تو ایک ملازم مشکوک انداز میں آگ لگاتا ہوا نظر آیا۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا، جس نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ فیکٹری مالک نے اس کی 10 ہزار بھارتی روپے کی بقایا تنخواہ روک رکھی تھی اور اسے سب کے سامنے ڈانٹا تھا۔

ملزم کے مطابق توہین کا بدلہ لینے کیلئےاس نے رات کے وقت فیکٹری میں آگ لگادی، تاہم اس کی کارروائی کے نتیجے میں فیکٹری کو 24 کروڑ بھارتی روپے کا بھاری نقصان ہوگیا۔