نیویارک( فیفا، خبر ایجنسی)ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے 2030ء کے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق قیاس آرائیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارے میں فیصلہ کرنا ابھی بہت جلد ہوگا۔
اپنی 39 ویں سالگرہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیونل میسی نے کہا کہ وہ مستقبل کے بارے میں ابھی سے نہیں سوچ رہے بلکہ ایک ایک دن آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کی پوری توجہ موجودہ کھیل پر ہے اور جب تک وہ جسمانی طور پر خود کو مکمل فٹ محسوس کرتے رہیں گے اور ٹیم کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکیں گے، میدان میں کھیلتے رہیں گے۔
ارجنٹینا کے شہر روزاریو میں پیدا ہونے والے لیونل میسی اپنے کیریئر میں فیفا ورلڈ کپ، کوپا امریکا اور اولمپکس کا طلائی تمغہ سمیت متعدد بڑے اعزازات اپنے نام کر چکے ہیں۔
جاری فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں بھی میسی شاندار فارم میں ہیں۔ انہوں نے الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک اور آسٹریا کے خلاف دو گول کر کے ورلڈ کپ میں اپنے مجموعی گولز کی تعداد 18 تک پہنچا دی، جو مردوں کے عالمی کپ کی تاریخ کا نیا ریکارڈ ہے۔
دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اپنے ابتدائی دونوں گروپ میچ جیت کر ناک آؤٹ مرحلے کیلئےکوالیفائی کر چکا ہے۔ ٹیم نے الجزائر کو 3-0 اور آسٹریا کو 2-0 سے شکست دی، جبکہ دونوں میچوں میں ارجنٹینا کے تمام پانچ گول لیونل میسی نے اسکور کیے۔

