22 سالہ بھارتی اداکارہ سنچیتا اوگلے کی پراسرارموت، پولیس کی تحقیقات شروع

ممبئی(بھارتی میڈیا، پولیس)بھارتی ٹیلی ویژن کی 22 سالہ بھارتی اداکارہ سنچیتا اوگلے کی پراسرارموت کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شام اداکارہ کے آبائی گاؤں میں واقع ان کی رہائش گاہ پر پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق اداکارہ اپنے کمرے میں بے ہوش حالت میں پائی گئیں، جنہیں اہلِ خانہ اور مقامی افراد فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے لے گئے، تاہم ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دیا گیا۔ اداکارہ کے والد کی درخواست پر پراسرار موت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اصل وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور شواہد کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی۔

سنچیتا اوگلے نے متعدد بھارتی ٹیلی ویژن ڈراموں، جن میں کُم کُم بھاگیہ اور واگلے کی دنیا شامل ہیں، میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ وہ فلم چھاوا اور سائلنس 2: دی نائٹ آؤل بار شوٹ آؤٹ میں بھی اپنی اداکاری کے باعث جانی جاتی تھیں۔