اسلام آباد (وزارتِ خزانہ، اوگرا) حکومت نے 23 جولائی کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 39 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 327 روپے 12 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 375 روپے 4 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 7 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 297 روپے 17 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
حکومت کے فیصلے کے مطابق نئی قیمتیں صرف 23 جولائی کیلئے نافذ العمل ہوں گی۔
حکومت نے خطے کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اوگرا وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری کے بغیر قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو پہلے سے جاری کردہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔
21 جولائی کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جبکہ 22 جولائی کیلئےپیٹرول 4 روپے 93 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا۔

