25 کروڑ کی منشیات،کراچی سے دیور اور بھابھی گرفتار،مرکزی سرغنہ مہوش لاہور میں

کراچی،لاہور (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) کراچی پولیس نے افغانستان سے منشیات سپلائی کرنے والے بین الصوبائی نیٹ ورک کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے دیور اور بھابھی کو گرفتار کرکے 19 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی منشیات برآمد کرلیں، برآمد شدہ منشیات کی مالیت تقریباً 25 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ منشیات کا نیٹ ورک ایک ہی خاندان کے مختلف افراد پر مشتمل ہے، جس کی مرکزی سرغنہ مہوش نامی خاتون ہے جو لاہور میں بیٹھ کر پورا نیٹ ورک چلا رہی تھی۔

پولیس کے مطابق گروہ افغانستان سے براہ راست منشیات منگوا کر ملک کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتا تھا، جبکہ مہوش کی بھابھی حرا کراچی میں منشیات کا کاروبار سنبھالتی تھی۔ حرا کا شوہر پرویز، اس کا بیٹا اور دیور عبدالغفار بھی اس نیٹ ورک میں شامل تھے۔

پولیس نے کارروائی کے دوران حرا ناز اور اس کے دیور عبدالغفار کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 19 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی منشیات برآمد ہوئیں، جن کی مالیت پولیس کے مطابق تقریباً 25 کروڑ روپے ہے۔حرا ناز کو کراچی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اسے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، جبکہ عبدالغفار کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خاندان کے دیگر افراد بھی منشیات کی فروخت میں ملوث ہیں، جن سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق حرا کا شوہر پرویز مقدمے کا مرکزی ملزم ہے اور وہ تاحال گرفتار نہیں ہوسکا۔

ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار کے مطابق لاہور میں موجود مرکزی ملزمہ مہوش اور نیٹ ورک کے دیگر مفرور ارکان کو گرفتار کرنے کیلئے کارروائی جاری ہے، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران منشیات کی خرید و فروخت، ترسیل اور نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔