33 ریٹائرڈ افسران بیرون ملک منتقل، غیر ملکی کرنسی میں پنشن لینے کا انکشاف

اسلام آباد (نامہ نگار سے) افسر شاہی کے حوالے سے ایک نیا انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے مطابق مختلف حکومتی محکموں سے ریٹائر ہونے والے 33 اعلیٰ افسران بیرون ملک منتقل ہونے کے بعد غیر ملکی کرنسی میں پنشن وصول کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے بیرون ملک مقیم ریٹائرڈ افسران سے متعلق تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کردی ہیں۔ دستاویز کے مطابق مختلف سرکاری محکموں سے ریٹائر ہونے والے 33 افسران اس وقت بیرون ملک مقیم ہیں اور انہیں حکومت پاکستان متعلقہ ممالک کی کرنسی میں پنشن ادا کررہی ہے۔

دستاویز کے مطابق غیر ملکی کرنسی میں پنشن حاصل کرنے والے ان ریٹائرڈ افسران کو حکومت پاکستان مجموعی طور پر 34 کروڑ 21 لاکھ روپے سالانہ پنشن کی مد میں ادا کررہی ہے۔

ذرائع کے مطابق بعض ممالک میں مقیم ریٹائرڈ افسران کو حکومت پاکستان پنشن ملکی کرنسی میں بھی ادا کرتی ہے، تاہم ملکی کرنسی میں پنشن وصول کرنے والے بیرون ملک مقیم ریٹائرڈ افسران کے اعداد و شمار وزارت خارجہ کے پاس موجود نہیں ہیں۔