دبئی (سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی بیٹر سلمان علی آغا کے خلاف ضابطۂ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی پر تنبیہ کرتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق 39ویں اوور میں رن آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا کے غصے میں کیے گئے عمل کو نامناسب قرار دیا گیا اور ان کے خلاف آرٹیکل 2.2 کے تحت کارروائی کی گئی۔
یہ آرٹیکل میچ کے دوران کرکٹ سامان یا گراؤنڈ کے آلات کے ساتھ نامناسب رویے سے متعلق ہے، سلمان علی آغا نے غصے میں اپنے گلوز اور ہیلمٹ زمین پر پھینک دیے تھے۔
آن فیلڈ امپائرز، تھرڈ امپائر اور فورتھ امپائر نے پاکستانی بیٹر پر الزام عائد کیا، سلمان علی آغا نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے سزا قبول کرلی، جس کے بعد آئی سی سی کو معاملے میں سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
آئی سی سی کے مطابق سلمان علی آغا کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کیا گیا ہے، جو گزشتہ 24 ماہ کے دوران ان کی پہلی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ لیول ون کی خلاف ورزی پر کم از کم سزا باضابطہ تنبیہ جبکہ زیادہ سے زیادہ سزا میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس ہوسکتے ہیں۔
دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 128 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی، جبکہ فیصلہ کن میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

