آبنائے ہرمز (عرب میڈیا) آبنائے ہرمز میں دو یونانی بحری جہازوں پر میزائل حملے کیے گئے، جن میں سے ایک آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ عملے کے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق مالٹا کے پرچم بردار آئل ٹینکر کاوومالیاس پر حملے کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔ یہ آئل ٹینکر یونان کی ایک شپنگ کمپنی کی ملکیت ہے۔
رپورٹس کے مطابق آگ لگنے کے بعد عملے کے تمام ارکان نے جہاز چھوڑ دیا اور انہیں ایک کشتی کے ذریعے بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ متعلقہ آئل ٹینکر گزشتہ کئی ماہ سے سعودی عرب کے ساحلی علاقے کے قریب سمندر میں لنگر انداز تھا۔
رپورٹس کے مطابق یہ جہاز 2 جولائی کو آبنائے ہرمز سے گزرتا ہوا دیکھا گیا، تاہم اسی دوران اس کا آٹومیٹک آئیڈینٹیفکیشن سسٹم (AIS) بند ہو گیا تھا، جس کے باعث اس کی نقل و حرکت کی مکمل نگرانی ممکن نہ ہو سکی۔تاحال حملوں کی ذمہ داری کسی گروہ یا ملک نے قبول نہیں کی، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

