آسکر ایوارڈ یافتہ آئرش اداکارہ برینڈا فریکر 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

ڈبلن (رائٹرز) آسکر ایوارڈ یافتہ آئرلینڈ کی معروف اداکارہ برینڈا فریکر 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔برینڈا فریکر فلم “مائی لیفٹ فُٹ”، “ہوم الون 2: لاسٹ اِن نیویارک” اور بی بی سی کے ڈرامے “کیجولٹی” میں اپنی یادگار اداکاری کے باعث دنیا بھر میں شہرت رکھتی تھیں۔

انہوں نے 1990ء میں فلم “مائی لیفٹ فُٹ” میں بہترین معاون اداکارہ کی شاندار اداکاری پر اکیڈمی ایوارڈ (آسکر) اپنے نام کیا اور یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی آئرش اداکارہ بنیں۔

برینڈا فریکر فروری 1945ء میں آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے 1970ء کی دہائی میں تھیٹر اور ٹیلی ویژن سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔ان کے ایجنٹ فل بیل فیلڈ نے میڈیا کو جاری بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ برینڈا فریکر جیسی شخصیت دوبارہ پیدا نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی وفات سے دنیا پہلے سے زیادہ تہی دامن ہو گئی ہے، اور ان کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز تھا۔فل بیل فیلڈ نے مزید کہا کہ برینڈا فریکر ہمیشہ ان کے دل میں اور دنیا بھر کے بے شمار فلم بینوں اور ٹیلی ویژن ناظرین کی یادوں میں زندہ رہیں گی۔