آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کا 8 اگست سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد نے اپنے مطالبات کی منظوری نہ ہونے کی صورت میں 8 اگست سے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر اور دیگر عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ ڈیزل کی قیمتیں یکم جولائی 2024 کی سطح پر واپس لائی جائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کارگو ٹرانسپورٹرز پر عائد 7 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کم کرکے 2 فیصد کیا جائے۔عہدیداروں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ نان کسٹم پیڈ سامان کی موجودگی پر پوری گاڑی ضبط کرنے کا قانون واپس لیا جائے۔

گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 8 اگست سے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ، کنٹینرز اور آئل ٹینکرز کی نقل و حرکت بند کردی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ احتجاج پرامن ہوگا، سڑکیں بند نہیں کی جائیں گی، بلکہ احتجاجاً ٹرانسپورٹ گاڑیاں کھڑی رکھی جائیں گی۔