ارجنٹینا نے کیپ ورڈی کو 2-3 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

ڈیلاس( فیفا، بین الاقوامی میڈیا)فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ارجنٹینا نے پہلی بار عالمی کپ میں شریک ہونیوالی کیپ ورڈی کو 2-3 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

میچ میں ارجنٹینا نے لیونل میسی کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، تاہم 59ویں منٹ میں کیپ ورڈی کے ڈوارٹے نے گول کرکے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں برابر رہیں، جس کے بعد میچ اضافی وقت میں داخل ہوگیا۔

اضافی وقت کے آغاز میں 92ویں منٹ پر لیساندرو مارٹینیز نے گول کرکے ارجنٹینا کو دوبارہ برتری دلائی، لیکن کیپ ورڈی کے سڈنی کیبریل نے شاندار گول کرکے ایک بار پھر مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔

اضافی وقت کے دوسرے حصے میں کیپ ورڈی کے کھلاڑی ڈینی بورگس کی بدقسمت سیلف گول ارجنٹینا کی فتح کا سبب بن گئی۔ اس کے بعد کیپ ورڈی نے برابری کے لیے بھرپور کوشش کی، تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکی اور میچ 2-3 سے ارجنٹینا کے نام رہا۔

اس کامیابی کیساتھ ارجنٹینا نے پری کوارٹر فائنل کیلئےکوالیفائی کر لیا، جہاں اس کا مقابلہ 7 جولائی کو مصر سے ہوگا۔