واشنگٹن (وال اسٹریٹ جرنل / سی این این)امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایسی خفیہ معلومات سے آگاہ کیا جن کے مطابق ایران مبینہ طور پر انہیں قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکام نے صدر ٹرمپ کو بتایا کہ ان کے پاس ایسی انٹیلی جنس معلومات موجود ہیں جو ایران کے مبینہ قاتلانہ منصوبے کی نشاندہی کرتی ہیں۔
دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے بھی ایک علیحدہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ یہ انٹیلی جنس ایک مخصوص مبینہ قاتلانہ کوشش سے متعلق تھی، تاہم امریکی حکومت اور ایران نے ان رپورٹس پر تاحال کوئی ردِعمل ظاہر نہیں کیا۔
رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بھی واشنگٹن یہ دعویٰ کرتا رہا ہے کہ ایران کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو نشانہ بنانے کی متعدد مبینہ کوششیں ناکام بنائی جا چکی ہیں۔رواں ہفتے نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر انقرہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بھی کہا تھا کہ وہ ایران کی مبینہ ٹارگٹ کلنگ فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔

