اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد ہائی کورٹ کے وفاقی دارالحکومت میں تمام شیشہ کیفے بند کرنے کے حکم کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کارروائی شروع کردی، سیکٹر ای الیون میں 4 شیشہ کیفے سیل کردیے گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو شیشہ کیفے کے خلاف کارروائیاں کرنے کی ہدایت کردی ہے، جبکہ کارروائی کے دوران سیکٹر ای الیون میں 4 شیشہ کیفے بند کرکے سیل کردیے گئے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیشہ کیفے مالکان کو پہلے جاری کیے گئے تمام اجازت نامے بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں ہر قسم کے شیشہ کیفے مکمل طور پر بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے اپنے احکامات میں کہا تھا کہ نئے قواعد وضع ہونے تک اسلام آباد میں تمام شیشہ کیفے بند رہیں گے۔
عدالت نے شیشہ کیفے کو پہلے جاری کیے گئے اجازت نامے بھی واپس لینے کی ہدایت کی تھی۔ مقدمے کا تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

