اسلام آباد :پمز کی نرسری میں آگ، 15 نومولود جاں بحق ، ایک بچے کو بچا لیاگیا

اسلام آباد (ڈان +رائٹرز) اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے گائنی وارڈ کی نرسری میں بدھ کی صبح آگ لگنے سے متعدد نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ کم از کم ایک بچے کو ڈاکٹر نے بحفاظت نکال لیا۔

پمز کی ترجمان ڈاکٹر انیزہ جلیل نے ڈان کو بتایا کہ نرسری میں 15 بچے داخل تھے، تاہم ممکن ہے کہ رات کے دوران بعض بچوں کو ڈسچارج کیا گیا ہو، اس لیے فوری طور پر ہلاکتوں کی حتمی تعداد بتانا ممکن نہیں۔دوسری جانب ریسکیو ذرائع اور بعض مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ کے نتیجے میں 15 نومولود جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ ایک بچے کو بچا لیا گیا۔

ریسکیو ذرائع نے ابتدائی طور پر بتایا کہ آگ ایئر کنڈیشننگ سسٹم کے کمپریسر میں خرابی یا دھماکے کے باعث لگی، تاہم پمز کی ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ معلوم ہوتی ہے۔ آگ لگنے کی حتمی وجہ تحقیقات کے بعد سامنے آئے گی۔

پمز ترجمان کے مطابق آگ صبح تقریباً 7 بجے لگی، جس پر قابو پا لیا گیا ہے، تاہم متاثرہ مقام پر کولنگ کا عمل جاری ہے اور اسے مکمل ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے بعد متاثرہ حصے میں کولنگ اور سرچ آپریشن کیا گیا۔