اسلام آباد:عمران خان اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل

اسلام آباد(نامہ نگار+نمائندہ خصوصی)بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو سیکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کردیا گیا۔عمران خان کی شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی سے قبل آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران کے ہمراہ اسپتال کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

شفا انٹرنیشنل اسپتال کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ اسلام آباد پولیس نے شفا اسپتال آنے اور جانے والے راستے ٹریفک کے لیے بند کیے ہوئے ہیں۔

شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کیا جائے گا جبکہ 6 ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم ان کا طبی معائنہ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق چیک اپ کے بعد بانی پی ٹی آئی کو اسپتال میں داخل کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائیگا، جبکہ انہیں ایڈمٹ کرنے کی صورت میں بھی خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے بانی پی ٹی آئی کو بیرونِ ملک بھیجنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دو روز میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔گزشتہ روز سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے خلاف دائر نظرثانی درخواست بعض اعتراضات عائد کرکے واپس کردی تھی۔